وزیراعظم نے انڈین ایرفورس کو بیچ دیا : راہول

,

   

نئی دہلی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے رافیل طیارہ معاملت پر وزیراعظم نریندر مودی کو آج پھر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں (وزیراعظم) نے اپنے دوست اور بزنسمین انیل امبانی کو 30,000 کروڑ کے کنٹراکٹ کے ذریعہ فائدہ پہنچاتے ہوئے انڈین ایر فورس (آئی اے ایف) کو ’’بیچ‘‘ دیا اور نوجوانوں سے مواقع چھین لئے۔ تاہم حکومت اور امبانی پہلے ہی رافیل معاملت میں کسی بھی غلطی کی تردید کرچکے ہیں۔ راہول نے عوام تک رسائی کیلئے یوتھ کانگریس کی ملک گیر مہم ’’یوا کرانتی یاترا‘‘ کی یہاں اختتامی تقریب سے خطاب میں کہا کہ رافیل اسکام سے متعلق سچائی کو کوئی بھی دبا نہیں سکتا اور سچ بالآخر ثابت ہوجائے گا‘‘۔ راہول نے مزید کہا کہ سارا ملک جانتا ہیکہ انیل امبانی کو کنٹراکٹ دیکر مودی تمام نوجوانوں کے مواقع چھین لئے ہیں۔ راہول نے وزیراعظم کے بلند بانگ دعوؤں کا مضحکہ اڑایا جن میں روزگار پیدا کرنا شامل ہے اور انھیں ’’شیخی باز‘‘ قرار دیا۔ وہ کسانوں کیلئے درست قیمتیں دینے اور دیگر دعوے بھی کرتے رہے ہیں۔
رافیل معاملت پر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے گاندھی نے کہا کہ ’’آپ (مودی) انڈین ایرفورس کو فروخت کرچکے ہیں‘‘۔ کانگریس کے صدر نے کہا کہ وزیراعظم نے پارلیمنٹ میں دیڑھ گھنٹے تک خطاب کیا لیکن جب ان سے رافیل کے بارے میں سوال کیا گیا وہ آنکھ سے آنکھ ڈال کر نہیں دیکھ سکے بلکہ ادھر ادھر دیکھنے لگے تھے‘‘۔