لاہور : لاہور کے ہوائی اڈے پر پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی اور قونصل جنرل امیر اوزبے نے وزیراعظم شہباز شریف کو رخصت کیا۔انقرہ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کریں گے اور زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان پر پوری پاکستانی قوم کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔ وزیراعظم مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور امدادی کاروائیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کریں گے۔وزیراعظم جنوبی ترکیہ میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور علاقے میں تعینات پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور زلزلہ متاثرین سے بھی ملاقات کریں گے۔پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ہر آزمائش اور مصیبت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ادھر ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے ترک بہن بھائیوں کے لئے غیر متزلزل یکجہتی اور حمایت کے پیغام کے ساتھ ترکیہ روانہ ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم دوملکوں میں رہنے والی ایک قوم ہیں اور ان کے نقصان کو اپنا نقصان سمجھتے ہیں۔