وزیراعظم کا آج طوفان ’یاس‘ سے متاثرہ اڈیشہ اور بنگال کا دورہ

,

   

طوفان کی تباہی ‘ 4 افراد ہلاک، دونوں ریاستوں کے کئی علاقے زیر آب، بہار میں طوفان کی شدت

نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی جمعہ کو سمندری طوفان یاس سے متاثرہ اڈیشہ اور مغربی بنگال ریاستوں کا دور ہ کریں گے اور طوفان کی تباہی کے اثرات کا جائزہ لیں گے ۔ اڈیشہ کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد طوفان یاس کمزور پڑگیا ہے تاہم طوفان کے بہار میں شدت اختیار کرنے کی اطلاع ہے۔ بہار کے کئی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے جمعہ کو بھی برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بہار میں عوام کو آئندہ 48 گھنٹوں تک گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی پہلے اڈیشہ کے دارالحکومت بھوبنیشور جائیں گے جہاں ریاستی عہدیداروں کے ساتھ طوفان کی صورتحال پر جائزہ اجلاس منعقد کریں گے ۔ بعد ازاں وہ اڈیشہ کے طوفان سے متاثرہ علاقوں بالاسور اور بھدرک کے علاوہ بنگال کے مشرقی مدناپور علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کریں گے ۔ بنگال میں بھی وزیراعظم کا جائزہ اجلاس ہوگا ۔ وزیر اعظم نے آج اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دونوں ریاستوں میں طوفان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق طوفان یاس کمزور پڑگیا ہے اور آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران اس کے شمال مغرب کی سمت بڑھنے کا امکان ہے ۔ اڈیشہ اور بنگال دونوں ہی ریاستوں کے ساحلی علاقوں میں گردابی طوفان ’یاس‘ نے جو تباہی مچائی، اس میں لاکھوں لوگوں متاثر ہوئے ہیں۔ بنگال حکومت نے تو صرف اپنی ریاست میں تقریباً ایک کروڑ لوگوں کے متاثر ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ یاس کی تباہی میں اب تک چار افراد کی موت کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق تین اموات اڈیشہ میں ہوئی ہے جب کہ بنگال میں ایک شخص کے موت کی خبر ملی ہے۔گردابی طوفان یاس 26 مئی کو 130 سے 145 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار والی ہواوں کے ساتھ ہندوستان کے مشرقی ساحلوں سے ٹکرایا، اور پھر موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ اس طوفان اور بارش میں کئی مکان منہدم ہو گئے۔ گردابی طوفان کی وجہ سے اڈیشہ کے دھامرا بندرگاہ کے پاس ذیلی علاقوں میں پانی بھر گیا۔ ان علاقوں سے 20 لاکھ سے زائد لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔اڈیشہ کے اسپیشل ریلیف کمشنر (ایس آر سی) پی کے جینا نے بتایا کہ بالاسور ضلع کے بہناگا اور ریمونا بلاک، اور بھدرک ضلع کے دھامرا اور باسودیو پور کے کئی گاووں میں سمندری پانی گھس گیا۔ انھوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ لوگوںکی مدد سے گاؤں سے پانی کی نکاسی میں مصروف ہیں ۔چیف منسٹر ممتا بنرجی کا کہنا ہے کہ ریاست میں تقریباً 3 لاکھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کم از کم ایک کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ راحت کاری سے متعلق کاموں کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ لاکھوں لوگوں کو ذیلی مقامات سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا اور متاثرہ علاقوں میں 10 کروڑ روپے کی راحتی اشیاء بھیجی گئی ہے۔ایک دفاعی عہدیدار نے بتایا کہ اڈیشہ کے بالاسور ضلع کے ساتھ ملحق سرحدی علاقہ والے شمالی میدنی پور کا دیگھا پوری طرح سے پانی میں ڈوب گیا ہے۔