‘وزیراعظم کون ہوگا، بعد میں دیکھیں گے’، 2024 کے الیکشن میں اپوزیشن اتحاد کیلئے کھڑگے نے چلا نیا داو

   

نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکا ارجن کھڑگے نے اگلے سال یعنی 2024 میں ہونے والے لوک سبھا الیکشن سے پہلے اپوزیشن اتحاد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘تقسیم کرنے والی طاقتوں’ کے خلاف متحد ہوکر لڑنا انتہائی ضروری ہے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اشارہ دیا کہ اس طرح کے اتحاد کے درمیان یہ ‘سوال نہیں’ ہے کہ وزیراعظم عہدہ کا امیدوار کون ہوگا ۔تمل ناڈو کے وزیراعلی ایم کے اسٹالن کے 70 ویں یوم پیدائش کے موقع پر بدھ کو ڈی ایم کے کے ایک پروگرام کے دوران اپنے خطاب میں کھڑگے نے الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابی فائدے کیلئے پولرائزیشن کی کوشش کررہی ہے جبکہ عوام مہنگائی اور بے روزگاری سے نبرد آزما ہیں ۔کانگریس صدر نے کہا کہ ملک اور آئین کو بچانے کیلئے متحد ہونا ضرور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سبھی یکساں نظریہ رکھنے والی پارٹیوں کو تقسیم کرنے والی طاقتوں کے خلاف لڑائی میں متحد ہونا چاہئے ۔