کانگریس کو نریندر مودی اور قوم سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) بی جے پی قائدین کے ایک وفد نے راج بھون پہنچ کر گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ پنجاب میں وزیراعظم کی سیکوریٹی کوتاہی کیلئے کانگریس حکومت کی جانب سے سازش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے او بی سی مورچہ کے قومی صدر ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ پنجاب کی کانگریس حکومت نے ایک منظم سازش کے تحت وزیراعظم نریندر مودی کی سیکوریٹی میں کوتاہی کی ہے اور کسانوں کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے وزیراعظم کو انتخابی مہم میں حصہ لینے سے روکنے کی کوشش کی ہے جس کی بی جے پی سخت مذمت کرتی ہے اور کانگریس سے اپیل کرتی ہیکہ وہ وزیراعظم کے ساتھ قوم سے معذرت خواہی کریں۔ دستوری عہدے پر فائز رہنے والے نریندر مودی کی سیکوریٹی کو نظرانداز کرنا بہت بڑا جرم ہے جس کا سخت نوٹ لینے کی ضرورت ہے۔ کانگریس پارٹی وزیراعظم سے خوفزدہ ہے۔ پنجاب میں وزیراعظم کو جلسہ عام میں شرکت کرنے سے روکنے کی کوشش کی گئی ہے جس کی کانگریس کو قیمت چکانی پڑے گی۔ پنجاب میں آئندہ عوام کانگریس کو سبق سکھائیں گے۔ بی جے پی اور اس کے حلیف جماعتوں کو اقتدار حاصل ہوگا۔ن