جی کشن ریڈی نے کے سامبا شیوا راؤ کو نریندر مودی سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی اسکیم (MGNREGA) پر بحث کے دوران وزیراعظم نریندر مودی سے متعلق تبصروں نے ایوان میں اور ایوان کے باہر شدید ہنگامہ کھڑا کردیا ۔ حکمران اور اپوزیشن اراکین کے درمیان سخت نوک جھونک دیکھی گئی ۔ جس کے باعث کارروائی متاثر ہوئی ۔ سی پی آئی کے رکن اسمبلی کے سامبا شیو راؤ نے اسکیم سے متعلق مرکزی حکومت کے موقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کو غریبوں کے لیے فلاحی اسکیمات کے بارے میں اپنی سوچ بدلنی چاہئے ۔ وزیراعظم کے خلاف چند غیر پارلیمانی ریمارکس پر بی جے پی کے ارکان اسمبلی نے سخت اعتراض کیا اور دماغ کا ٹسٹ کرانے کے متعلق کئے گئے ریمارکس پر سخت اعتراض کیا ۔ آج مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اس معاملے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سی پی آئی کے رکن اسمبلی کے ریمارکس کی سخت مذمت کی اور انہیں فوری وزیراعظم سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ ایوان اسمبلی سیاسی مباحث کے لیے ہوتا ہے ۔ ذاتی حملوں کے لیے نہیں ہے ۔ انہوں نے اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار سے مطالبہ کیا کہ اگر کمیونسٹ رکن اسمبلی کی جانب سے معذرت خواہی نہیں کی گئی تو قابل اعتراض ریمارکس کو اسمبلی کے ریکارڈ حذف کردیں اور سامبا شیوا راؤ کے خلاف کارروائی کریں ۔۔ 2
