حیدرآباد کے قریب فارماسٹی کا قیام کا منصوبہ نقصاندہ، وی ہنمنت رائو کا بیان
حیدرآباد 7 مئی (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے وشاکھاپٹنم میں گیاس لکیج سانحہ کے بعد تلنگانہ میں بھی فارما کمپنیوں پر کڑی نظر رکھنے کا مطالبہ کیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہاکہ وشاکھاپٹنم میں خانگی کمپنی میں گیس لکیج کا سانحہ افسوسناک ہے جس میں کئی افراد کی موت واقع ہوگئی اور سینکڑوں افراد متاثر ہوئے جنھیں مختلف دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس سانحہ میں مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔ اِس معاملہ کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ سانحہ کمپنی کی لاپرواہی کا نتیجہ تھا یا پھر عہدیداروں نے غیرمعمولی چھوٹ دے رکھی تھی اِس کا انکشاف ہونا چاہئے۔ ہنمنت راؤ نے حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اِس سانحہ کے پس منظر میں تلنگانہ کی فارما کمپنیوں پر گہری نظر رکھے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد اور اُس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں فارما کمپنیاں ہیں جن سے عوامی زندگی کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ حکومت شہر کے مضافاتی علاقہ کندکور میں فارما سٹی کے قیام کا منصوبہ رکھتی ہے جس کی کسانوں کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے۔
