وطن سے محبت کے نام پر زہر اُگلا جارہا ہے: ہریش راؤ

   


سدی پیٹ۔ /17 ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت تلنگانہ کے زیر اہتمام منایا جانے والا سہ روزہ قومی یکجہتی پروگرام ضلع مستقر سدی پیٹ میں بھی بڑے پیمانے پر عمل میں لایا گیا۔ مذکورہ پروگرام کے تحت ترنگا ریالی نکالی گئی جس میں وزیر صحت ٹی ہریش راؤ کے علاوہ ضلع پریشد چیرمین روجا شرما، ضلع کلکٹر پرشانت جیون پاٹل، صدرنشین منجولا و دیگر قائدین شریک تھے۔ بعد ازاں قومی یکجہتی پروگرام کے ضمن میں ملٹی پرپز ہائی اسکول میں منعقدہ جلسہ عام میں شرکت کی۔ جلسہ عام کو وزیر ہریش راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1947 میں گاندھی جی کی قیادت میں ملک کو آزادی ملی۔ جدوجہد آزادی میں تمام مذاہب کے افراد نے نہ صرف حصہ لیا بلکہ کئی طرح کی قربانیاں بھی دیں۔ لیکن آج مخصوص طبقہ اپنے آپ کو حب الوطن ظاہر کرتے ہوئے ملک کی پرامن فضاء کو بگاڑنے کی کوشش کررہا ہے اور مذہب کے نام پر پھوٹ ڈالتے ہوئے حکومت کو برقرار رکھنا چاہتا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں گنگا جمنی تہذیب کا ماحول ہے اور یہاں ہر فرد خوشحالی اور ترقی کا متمنی ہے جبکہ کچھ لوگ حکومت تلنگانہ کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور غلط پروپگنڈہ کے ذریعہ عوام میں زہر اُگلا جارہا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات میں حائل ہونے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ریاست میں امن وامان کے ساتھ عوام کی فلاح و بہبود کے کام جاری ہیں۔