وظائف کیلئے درخواستیں قبول کرنے کی اپیل

   

حضورنگر ۔ /24 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وظائف کیلئے درخواست کرنے والے مستحقین کی درخواستوں کو قبول کرنے کے سلسلہ میں آج سماجی قائد ڈاکٹر منصور علی نے ضلع کلکٹر اور وزیر جی جگدیش ریڈی سے انصاف کا مطالبہ کیا ۔ اس ضمن میں بلدیہ کمشنر حضور نگر کو ایک تحریری یادداشت پیش کی ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ حکومت تلنگانہ نے 15 اگست تک درخواست گذاروں کی درخواستوں کو قبول کیا ہے تاہم حکومت تلنگانہ نے درخواست گذاری کیلئے اگست کے 31 تاریخ تک وقت دیا ہے ۔ لیکن می سیوا مراکز پر درخواست گذار اپنی درخواستیں لے کر پہونچ رہے ہیں مگر ان کی درخواستیں قبول نہیں کر رہے ہیں ۔ آج بھی درخواست گذاروں کی ایک بڑی تعداد مختلف وجوہات کی وجہ سے اپنی درخواستیں آن لائین نہیں کراسکی ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ درخواستوں کے اندراج کے سلسلے میں اقدامات کرتے ہوئے درخواست گذاروں کی مشکلات کو دور کریں ۔ تاکہ مستحق اور غریب افراد حکومت کی جابن سے جاری ہونے والے وظائف سے مستفید ہوسکیں ۔