وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کر چکی : لیبیائی فوج

   

طرابلس: لیبیا میں الوطیہ کے فوجی اڈے پر ہونے والے حملے کے اثرات ابھی تک جاری ہیں۔ اس کارروائی میں وفاق حکومت کو سپورٹ کرنے والے ترکی کے وجود کو نشانہ بنایا گیا۔ لیبیا کی فوج کے سینئر عہدے دار بریگیڈیئر جنرل خالد المحجوب کا کہنا ہے کہ مذکورہ اڈے پر ترکی کے ہوک نظام کو نشانہ بنائے جانے کی کارروائی کاری ضرب ثابت ہوئی۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پیر کے روز المحجوب نے کہا کہ یہ حملہ اپنے وقت کے لحاظ سے بہت اہم ہے۔لیبیا کی فوج کے سینئر عہدے دار کے مطابق لیبیا میں وفاق حکومت اپنی مدت پوری کر چکی ہے .. اور لیبیا کی فوج ترکی کے قبضے اور انقرہ کے خلاف لیبیائی عوام کا دفاع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔سرت شہر سے گفتگو کرنے والے المحجوب نے واضح کیا کہ یہ شہر سرخ لکیر ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ ترکی ،،، لیبیا میں اپنی مداخلت کو توسیع دینے کی کوشش میں ہے۔ یہاں اس نے طرابلس کا ایک عسکری گورنر بھی مقرر کر دیا۔ المحجوب کے مطابق یورپی ممالک لیبیا میں ترکی مداخلت کو مسترد کرتے ہیں۔واضح رہے کہ لیبیا میں مقامی ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتایا کہ ترکی کی فوج کی بڑی تعداد دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں 140 کلو میٹر دور واقع الوطیہ کے فوجی اڈے سے کوچ کر گئی ہے۔ اس سے قبل لیبیا کی فوج نے تصدیق کی تھی کہ مذکورہ فوجی اڈے پر حملے میں ترکی کی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس حوالے سے انقرہ حکومت نے ترکی کے فضائی دفاع کا نظام تباہ ہونے کا اقرار بھی کیا ہے۔