وقف اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی کا خیرمقدم

   

الحاج محمد سلیم چیرمین وقف بورڈ کو تہنیت، چیف منسٹر کے سی آر سے اظہارتشکر

حیدرآباد: وقف اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن پر پابندی اور تعمیرات کی اجازت پر روک لگاتے ہوئے حکومت کے جاری کردہ جی او ایم ایس 15 کا وکلا برادری نے خیرمقدم کیا ہے۔ تلنگانہ ہائیکورٹ کے وکلاء نے آج صدرنشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم سے ملاقات کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔ وکلاء نے جی او کی اجرائی پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہارتشکر کیا اور اسے تاریخی اقدام قرار دیا۔ وکلاء زاہد عمودی، حبیب الدین، محمد عمر، حسینی بیگم، پرتیبھا اور دوسروں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اسمبلی میں کئے گئے وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے وقف بورڈ کا موقف مستحکم کیا ہے۔ محمد سلیم نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے سنجیدہ مساعی کی اور حکومت کی توجہ مبدول کرائی۔ وکلاء برادری نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے ریونیو ایکٹ کے تحت وقف جائیدادوں کو شامل کیا۔ محمد سلیم نے بتایا کہ تمام ضلع کلکٹرس کو منڈل سطح تک کی جائیدادوں کی تفصیلات روانہ کردی گئی ہیں۔ بورڈ نے تاحال 100 سے زائد غیرمجاز رجسٹریشن کو منسوخ کردیا ہے۔ حکومت کی مدد سے آئندہ یعنی غیرمجاز قبضوں کی برخاستگی کی کارروائی جاری رہے گی۔ وکلاء نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں قانونی سطح پر تعاون کا یقین دلایا۔