قیمتی وقف اراضیات کے تحفظ پر زور، وزیراقلیتی بہبود تلنگانہ کے ایشور کا جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (پریس نوٹ) ریاستی وزیراقلیتی بہبود و پسماندہ طبقات کے ایشور آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وقف اراضیات پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے مزید کہاکہ بیش قیمتی وقف اراضیات کے تحفظ کیلئے مناسب اقدامات کریں۔ وہ بروز ہفتہ وقف اراضیات سے متعلق جائزہ اجلاس سے مخاطب تھے۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ناجائزقبضوں کے شکار وقف اراضیات کے علاوہ دیگر وقف اثاثوں کی تفصیلی جانچ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہر حیدرآباد کے اطراف میں بیش قیمتی وقف املاک کی حفاظت کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ایک اہم اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ میں ایک علحدہ شعبہ سروے یا سروے سیکشن یا سروے ٹیم کی تشکیل پر زور دیا۔ اس شعبہ کیلئے محکمہ اراضیات سے اسسٹنٹ ڈائرکٹر کی سطح کے عہدیداروں کو متعین کیا جاسکتا ہے اور دیگر اسٹاف کو آؤٹ سورسنگ کے تحت معین کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ پر آنے والے اخراجات وقف بورڈ کے ذریعہ حاصل کئے جائیں۔ اس کام کو پائلٹ پراجکٹ کے تحت حیدرآباد سطح پر انجام دیتے ہوئے تین ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ وزیراقلیتی بہبود نے کہا کہ مستقبل میں مائناریٹی اسکولس کے قیام کیلئے وقف اراضیات کی نشاندہی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وقف اراضیات ؍ اثاثوں کی ترقی کیلئے ٹی ایس آئی، آئی سی سے معاہدہ کرنے منصوبہ تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی قابضین سے وقف املاک کو دوبارہ حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کریں۔ اس اجلاس میں وقف بورڈ چیرمین محمدسلیم، ریاستی مشیر برائے اقلیتی امور اے کے خان، محکمہ اقلیتی بہبود کے ڈائرکٹر شاہنواز قاسم اور دیگر نے شرکت کی۔