حیدرآباد۔ 13 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے لاک ڈائون کے متاثرہ مسلم خاندانوں میں 2 کروڑ روپئے سے اناج کی تقسیم کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے گئے ہیں۔ وقف بورڈ نے پہلے مرحلہ میں 20 لاکھ روپئے سے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں چاول اور اجناس کی تقسیم عمل میں لائی تھی۔ وقف بورڈ کے اجلاس میں ریاست بھر میں اس کام کی انجام دہی کے لیے 2 کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ وقف بورڈ نے چاول اور اناج کی تقسیم میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے مختلف اداروں سے ٹنڈرس کے ذریعہ کوٹیشن طلب کیا ہے۔ اس سلسلہ میں باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ پیاکیج کے تحت 10 کیلو چاول، 5 کیلو آشیرواد آٹا، ایک کیلو شکر، آدھا کیلو تور دال، ایک کیلو تیل، ایک کیلو نمک، آدھا کیلو مرچ، 200 گرام حلدی، 100 گرام چائے پائوڈر اور پائو کیلو املی شامل ہیں۔ 17 اپریل کو 11 بجے دن تک سربمہر لفافوں میں ٹنڈرس کے کوٹیشن داخل کردیئے جائیں۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے مطابق بورڈ کو بلااظہار وجوہ ٹنڈر اعلامیہ کو منسوخ، ترمیم، یا دستبرداری کا اختیار رہے گا۔