حیدرآباد۔30۔مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں چیف ایکزیکیٹیو آفیسر کے عہدہ پرمستقل عہدیدار کی خدمات ناگزیر ہیں اور اس عہدہ کے لئے ریاستی حکومت اڈہاک ترقی فراہم کرتے ہوئے عہدیدار کے تقرر کو یقینی بنا سکتی ہے لیکن ریاستی حکومت کی جانب سے اس مسئلہ کو نظر انداز کرتے ہوئے وقف بورڈ کی کارکردگی کو متاثر کیا جا رہا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ترقی کی فہر ست میں شامل عہدیداروں سے ’اعتراض نہیں‘ کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرتے ہوئے مسلم عہدیدار جو اردو زبان سے واقف ہو اس کو ترقی دینے کے اقدامات کئے جاسکتے ہیں۔تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ میں مستقل سی ای او کی عدم موجودگی بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لئے ناگزیر ہے۔اسی طرح بورڈ کے روزانہ کے امور کی بروقت انجام دہی اور درخواستوں کی یکسوئی کیلئے ضروری ہے کہ وقف بورڈ میں مستقل سی ای او کے تقرر کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔