مقررہ ڈیوٹی سے غیر حاضر ملازمین کی تنخواہ میں کٹوتی
حیدرآباد ۔13۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ میں ڈسپلن کی بحالی کیلئے چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے حمید نے میمو جاری کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی شرائط کے مطابق ملازمین کو دفتر حاضر ہونے کی ہدایت دی۔ بتایا جاتا ہے کہ لاک ڈاؤن میں کم ملازمین کی شرط کے باوجود جن ملازمین کی ڈیوٹی مقرر کی گئی تھی، ان میں سے کئی غیر حاضر تھے۔ ڈیوٹی کے دن بھی غیر حاضر رہتے ہوئے انہوں نے تنخواہ حاصل کرلی۔ اب جبکہ سرکاری دفاتر میں 33 فیصد ملازمین کی موجودگی کو لازمی قرار دیا گیا ہے، لہذا چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے میمو کے ذریعہ تمام ملازمین کو پابند کیا کہ وہ اپنے مقررہ دن پر ڈیوٹی پر حاضر رہیں ۔ اگر وہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہیں گے تو ان کی تنخواہ میں غیر حاضری کے مطابق کٹوتی کی جائے گی۔ وقف بورڈ میں کئی ملازمین ایسے بتائے گئے ہیں جو لاک ڈاون کے آغاز کے بعد سے دفتر سے غیر حاضر ہیں جبکہ بعض دوسرے ملازمین کو کام کی نوعیت کے اعتبار سے روزانہ دفتر آنا پڑ رہا ہے۔ ملازمین کے اس رویہ سے ناراض ہوکر چیف اگزیکیٹیو آفیسر نے یکسانیت پیدا کرنے اور ڈسپلن بحال کرنے کیلئے میمو جاری کیا ۔ سرکاری احکامات کے مطابق مستقل اور آوٹ سورسنگ ملازمین کی 50 فیصد تنخواہ میں کٹوتی کی جارہی ہے جبکہ کلاس IV ایمپلائیز کی تنخواہوں میں 10 فیصد کٹوتی ہے ۔ اگر مقررہ ڈیوٹی کے باوجود ملازمین غیر حاضر رہتے ہیں تو ان کی تنخواہ میں اضافی کٹوتی کی جائے گی۔