وقف بورڈ کا اجلاس طلب کرنے سی ای او کو ہائی کورٹ کی ہدایت

   

محبوب نگر میں درگاہ سے متعلق احکامات کالعدم
جسٹس راج شیکھر ریڈی کے احکامات
حیدرآباد۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس اے راج شیکھر ریڈی نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ کو ہدایت دی کہ وہ وقف ایکٹ کے مطابق بورڈ کا اجلاس طلب کریں۔ محبوب نگر کولم پلی میں واقع درگاہ حضرت قتال حسینیؒ سے متعلق مقدمہ کی سماعت کے دوران جسٹس راج شیکھر ریڈی نے وضاحت کردی کہ صدرنشین وقف بورڈ کی برقراری سے متعلق علیحدہ مقدمے میں انہوں نے بورڈ کا اجلاس طلب کرنے سے منع نہیں کیا۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر بورڈ کا اجلاس طلب کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ درگاہ سے متعلق ایک معاملے میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے تحقیقات کے بعد 16 اگست کو بورڈ کی منظوری کے بغیر ہی ایک فریق کے حق میں پروسیڈنگ جاری کردی۔ پروسیڈنگ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا اور درخواست گزار نے کہا کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو اختیار نہیں ہے کہ وہ بورڈ کی منظوری کے بغیر پروسیڈنگ جاری کردیں۔ وقف ایکٹ کے مطابق انہیں تحقیقاتی رپورٹ کو بورڈ میں پیش کرتے ہوئے منظوری حاصل کرنی چاہئے۔ مقدمہ کی سماعت کے دوران معزز جج کو بتایا گیا کہ بورڈ کا اجلاس فروری سے منعقد نہیں ہوا کیوں کہ بعض ارکان کی نشستیں مخلوعہ ہیں۔ لہٰذا سی ای او نے راست طور پر احکامات جاری کردیئے۔ جسٹس راج شیکھر ریڈی نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر کے احکامات کو کالعدم کرتے ہوئے انہیں ہدایت دی کہ وقف ایکٹ کے رول7 آف رولس 2000 کے تحت بورڈ کا اجلاس طلب کریں۔ عدالت کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر بورڈ کا اجلاس طلب کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ صدرنشین وقف بورڈ کی برقراری کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی تھی جس کی سماعت جسٹس اے راج شیکھر ریڈی کے اجلاس پر ہوئی اور انہوں نے فیصلہ محفوظ کردیا ہے۔ معزز جج نے تازہ مقدمے کی سماعت کے دوران واضح کردیا کہ انہوں نے بورڈ کے اجلاس کی طلبی پر روک نہیں لگائی ہے۔ واضح رہے کہ بورڈ میں رکن پارلیمنٹ، رکن اسمبلی اور بار کونسل زمروں کی نشستیں خالی ہیں جنہیں پرکرنے کے لیے حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے۔