ضلع کلکٹر حیدرآباد الیکشن آفیسر، ایم پی ، ایم ایل اے اور بار کونسل کیلئے انتخاب ہوگا
حیدرآباد ۔ 18 ۔ نومبر (سیاست نیوز) حکومت نے تلنگانہ وقف بورڈ میں ارکان کی تین مخلوعہ نشستوں پر انتخابات کیلئے الیکشن آفیسر کا تقرر کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا نے احکامات جاری کئے ۔ رکن پارلیمنٹ ، رکن اسمبلی اور بار کونسل زمرہ کی مخلوعہ نشستوں پر انتخابات کے لئے مانک راج آئی اے ایس ضلع کلکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ حیدرآباد کو الیکشن آفیسر مقرر کیا گیا ۔ ڈی سرینواس ریڈی سیکشن آفیسر، میر مستعد علی اسسٹنٹ سیکشن آفیسر میناریٹی ویلفیر ڈپارٹمنٹ اور میر منور علی اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ وقف بورڈ کو الیکشن آفیسر سے تعاون کیلئے ذمہ داری دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ رکن پارلیمنٹ اسد اویسی ، رکن اسمبلی محمد معظم خاں کی وقف بورڈ رکن کی حیثیت سے میعاد علی الترتیب مارچ 2019 اور ستمبر 2018 ء کو ختم ہوچکی ہے ۔ بار کونسل زمرہ کے رکن ذاکر حسین جاو ید کی میعاد 2018 ء میں ختم ہوگئی۔ ان تینوں مخلوعہ نشستوں کیلئے انتخابات منعقد کئے جائیں گے اور الیکشن آفیسر انتخابی شیڈول کا اعلان کریں گے ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ بار کونسل میں اس مرتبہ دو مسلم وکلاء کو نمائندگی حاصل ہے، لہذا بار کونسل زمرہ سے کسی ایک رکن کے انتخاب کیلئے الیکشن کیا جائے گا۔ بورڈ کے منتخب ارکان میں متولی زمرہ کے مولانا اکبر نظام الدین حسینی صابری ، مینجنگ کمیٹی زمرہ سے مرزا انوار بیگ شامل ہیں جبکہ نامزد ارکان نے ملک مہتصم خاں ، سید نثار حسین حیدر آغا، تفسیر اقبال آئی پی ایس، وحید احمد ایڈوکیٹ اور ڈاکٹر صوفیہ بیگم شامل ہیں۔ قانون ساز کونسل کی رکنیت کی میعاد ختم ہونے پر صدرنشین کے عہدہ پر محمد سلیم کی برقراری کو عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا ۔ تاہم ہائی کورٹ نے ان کی برقراری کو درست قرار دیا ہے۔ توقع ہے کہ مخلوعہ تین جائیدادوں کے سلسلہ میں بہت جلد انتخابی اعلامیہ جاری کردیا جائے گا۔