وقف بورڈ کی جانب سے مطلقہ خواتین کیلئے 22 لاکھ کی اجرائی

   

آئمہ و مؤذنین کے بقایا جات جلد جاری کرنے محمد سلیم کی ہدایت، قبرستان اونٹ واڑی کی حصار بندی
حیدرآباد۔یکم اکتوبر ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے مطلقہ خواتین کے لئے عدالت کی جانب سے مقرر کردہ ماہانہ گزارے کی رقم جاری کی ہے ۔ 364 خواتین کیلئے 22 لاکھ 58 ہزار 533 روپئے جاری کئے گئے ۔ واضح رہے کہ مسلم مطلقہ خواتین کو ماہانہ گزارے کیلئے وقف بورڈ سے رقم ادا کی جاتی ہے، اس سلسلہ میں عدالتوں کے احکامات کے مطابق مقرر کردہ رقم کی اجرائی عمل میں آتی ہے۔ محمد سلیم نے آج عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں اسکیم پر عمل آوری کا جائزہ لیا اور بقایہ جات کے ساتھ یہ رقم جاری کردی۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آئمہ و مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کے بقایہ جات جلد اور جلد جاری کردیں۔ گزشتہ دنوں ماہِ جون کے اعزازیہ کے طور پر 4 کروڑ 92 لاکھ 80 ہزار روپئے جاری کئے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 9856 آئمہ اور مؤذنین کیلئے تین ماہ کے بقایہ جات جلد جاری کردیئے جائیں گے ۔ محمد سلیم نے اونٹ واڑی قبرستان جمعرات بازار کی حصار بندی اور نئی گیٹ کی تنصیب کی ہدایت دی ۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں کی نگرانی میں حصار بندی کا کام شروع کردیا گیا ہے اور نئی گیٹ نصب کی جارہی ہے تاکہ دوبارہ قبرستان میں جانوروں کو باندھنے سے روکا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ قبرستان کی انتظامی کمیٹی کو قبور کے احترام کے سلسلہ میں چوکسی ا ختیار کرنی چاہئے ۔ اسی دوران درگاہ حضرت بابا شرف الدین پہاڑی شریف کی اوقافی اراضی پر ناجائز قبضوں کی اطلاعات ملنے پر وقف بورڈ کی ٹیم نے علاقہ کا دورہ کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اوقافی اراضی سے متصل انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن کی اراضی پر جاری تعمیری کاموں کا ملبہ اوقافی اراضی پر ڈالا جارہا ہے ۔ وقف بورڈ کے عہدیداروں نے کنٹراکٹر کو پابند کیا کہ وہ وقف اراضی میں کوئی مداخلت نہ کریں۔