وقف بورڈ کے سی ای او کا دو دن میں تقرر

   

صدرنشین کی زیر قیادت وفد کو وزیر اقلیتی بہبود کا تیقن

حیدرآباد۔14۔اکٹوبر(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ وقف بورڈ کے چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے تقرر کے سلسلہ میں آئندہ 48 گھنٹوں میں اقدامات کو یقینی بنائے گی اور اس سلسلہ میں احکامات کی اجرائی کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ جناب سیدعظمت اللہ حسینی کے ہمراہ اراکین وقف بورڈ مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین ‘ مولانا سید شاہ ابوالفتح بندگی پاشاہ قادری ‘ مولانا سید نثار حسین حیدر آغا‘ جناب زیڈ ایچ جاوید‘ جناب ایم اے کے مقیت نے آج ریاستی وزیر اقلیتی بہبود مسٹر ادلوری لکشمن کمار سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں وقف بورڈ کی صورتحال سے واقف کروایا ۔ ریاستی وزیر مسٹر ادلوری لکشمن کمار نے صدرنشین وقف بورڈ اور اراکین کو اس بات کا تیقن دیا کہ تلنگانہ وقف بورڈ میں چیف اکزیکیٹیو آفیسر کے تقرر کے مسئلہ کو جلد حل کرلیا جائے گا اور آئندہ 48 گھنٹوں میں اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے فیصلہ کرتے ہوئے احکامات کی اجرائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ بورڈ کے ذمہ داروں نے وزیر اقلیتی بہبود سے ہوئی اس ملاقات کے دوران کہا کہ تلنگانہ میں وقف بورڈ مکمل طور پر مفلوج ہوکر رہ گیا ہے اور وقف بورڈ کو کارکرد بنانے بالخصوص UMEED پورٹل پر کئے جانے والے اندراجات کے لئے بورڈ میں سی ای او کی موجودگی ضروری ہے اسی لئے حکومت کو فوری اس سلسلہ میں اقدامات کرنے چاہئے ۔ بتایاجاتا ہے کہ مسٹر ادلوری لکشمن کمار نے جلد ہی صدرنشین و اراکین بورڈ سے دوبارہ ملاقات کرتے ہوئے بورڈ کی کارکردگی کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا تیقن دیا ہے اور کہا کہ بورڈ کی جائیدادوں پر جاری مقدمات اور قبضہ جات کے علاوہ آمدنی و اخراجات کی تفصیلات اور اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔3