وقف ترمیمی بل، وقف جائیداد ہڑپنے کی سازش:سوشلسٹ پارٹی

   

نئی دہلی: وقف ترمیمی بل کو مودی حکومت کا غیر آئینی قدم اور وقف جائیداد ہڑپنے کی سازش قرار دیتے ہوئے سوشلسٹ پارٹی آف انڈیا (ایس پی آئی) کے جنرل سکریٹری سندیپ پانڈے نے کہاکہ ملک کے عوام کواس وقت تعلیم، روزگار،صحت اور بنیادی سہولت کی ضرورت ہے ناکہ وقف ترمیمی جیسے انتشار پیدا کرنے والے بل کی۔ انہوں نے کہاکہ وقف جائیداد مسلمانوں کے ذریعہ وقف کردہ اور عطیہ کردہ املاک ہیں جو مسلمانوں کی فلاح وبہبود کے لئے ہیں۔ یہ کوئی مقبوضہ جائیداد نہیں ہے اسے متنازعہ بناکر ایک تماشہ کیا جائے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ وقف جائیداد ہمیشہ سے مودی حکومت کے نشانے پر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ وقف جائیداد پر قبضہ ہوتا رہا اور حکومت دیکھتی رہی اور یہاں تک کے بہت سے وقف جائیداد پر حکومت یا حکومت کی ایجنسیاں قابض ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس متنازعہ وقف ترمیمی بل کا مقصد ہی وقف جائیداد سے مسلما نوں کو بے دخل کرنا ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وقف ترمیمی بل کو پاس ہونے سے نہ روکا گیا تو تمام مذہبی جائیداد وں پر حکومت کے قبضہ کے دروازے کھول دے گا۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ یہ حکومت وقف جائدادوں پر قبضہ کرنے کے بعد مندروں کے جائدادوں پر قبضہ کرے گی۔