ولیعہد محمد بن سلمان کو ’نشانِ پاکستان‘ایوارڈ

   

اسلام آباد ۔ 18 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے آج اپنا اعلیٰ ترین سیویلین ایوارڈ ’نشانِ پاکستان ‘ سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان کو اُن کی دونوں ممالک کے درمیان دوبارہ یکجہتی پیدا کرنے کی نمایاں کارکردگی پر عطا کیا ۔ صدر پاکستان عارف علوی نے اُنھیں یہ ایوارڈ عطا کیا۔ وزیراعظم عمران خان ، ولیعہد شہزادہ سلمان کے وفد کے سفارتکار ، سینئر عہدیدار اور کابینی وزراء نے شرکت کی ۔ سپاس نامہ کے بموجب ولیعہد شہزـادہ نے پاک ۔ سعودی باہمی تعلقات میں نئی جان ڈالنے کیلئے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔ ولیعہد قصر صدارت پر روایتی صدارتی بگھی میں عمران خان کے ساتھ پہونچے۔ صدر کے گارڈس نے اُنھیں بگھی تک پہونچایا ۔ صدر علوی ، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر اطلاعات فواد چودھری نے استقبال کیا۔ علوی نے کہا کہ سعودی اور پاکستان ایک دوسرے کے ناگزیر شراکت دار ہیں۔ ہم نے کئی دہوں تک متحدہ جدوجہد کی ہے ۔ ہماری دوستی مذہب اور تمدن کی بنیاد پر بندھی ہے ۔ انھوں نے کہاکہ حالانکہ جغرافیائی فاصلہ دونوں کے درمیان ہے لیکن اس سے ہمارے دلوں میں دوری پیدا نہیں ہوسکتی ۔ وزیراعظم کا حالیہ دورہ اور اس جوابی دورہ سے ہماری دوستی مزید مستحکم ہوئی ہے ۔