شر پسندوں کا مہمانوں پر حملہ ‘ کئی افراد زخمی ‘ مقدمہ درج
حیدرآباد : نامپلی پولیس اسٹیشن حدود میں کل رات ولیمہ تقریب کے موقع پر بیانڈ باجا بجانے کے مسئلہ پر بعض مقامی افراد نے اعتراض کیا اور پھر حملہ کرکے ہلچل مچادی ۔ حملہ آوروں نے خواتین اور بچوں کو بھی اپنا نشانہ بنایا جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ تفصیلات کے مطابق نامپلی علاقہ میں واقع لکشمی نگر کمیونٹی ہال میں محمد خالد نامی شخص کی ولیمہ تقریب ہورہی تھی اور اس موقع پر اس کے رشتہ داروں نے بیانڈ باجا (مرفعہ) کے ساتھ گلپوشی کیلئے ہار لارہے تھے ۔ اسی دوران وہاں پر موجود بعض افراد نے بیانڈ باجے پر اعتراض کیا اور کچھ ہی دیر میں کمیونٹی ہال میں جبراً داخل ہوگئے اور ہنگامہ آرائی شروع کردی ۔ پولیس کے مطابق احمد ، خواجہ نصیرالدین قادری عرف خربوزہ نصیر ، خواجہ منیرالدین اور سلیم الدین قادری اور دیگر نے مہمانوں پر حملہ کرتے ہوئے روشنی فاطمہ ، مسکان ، زینت ، نصرت بیگم اور محمد امیر کو شدید زخمی کردیا ۔ اتنا ہی نہیں کمیونٹی ہال میں موجود گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا اور کئی افراد کے موبائیل فون بھی تباہ کردیئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس حملہ میں عطیہ بیگم اور نصرت بیگم کے طلائی زیورات بھی اچانک غائب ہوگئے ۔ اطلاع ملتے ہی نامپلی پولیس سے وابستہ ایک ٹیم وہاں پہنچ گئی اور زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا ۔ ایسا سمجھا جاتا ہے کہ بعض سیاسی دباؤ کے چلتے ملزمین کو اس کیس میں بچانے کیلئے پولیس پر مسلسل دباؤ ڈالا جارہا تھا لیکن وہاں پر موجود سی سی ٹی وی کیمرے اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت بروقت ممکن ہوسکی ۔ پولیس نامپلی نے بتایا کہ اس حملہ میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 324 ، 448 ، 427 اور 506 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں ۔