ولیمہ تقریب میں زنخوں کا نیم برہنہ رقص اور ویڈیو گرافر پر حملہ کا شاخسانہ

   

قوانین کی خلاف ورزی کا الزام، تین افراد گرفتار، چندرائن گٹہ پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ ولیمہ تقریب میں زنخوں کا نیم برہنہ رقص اور ویڈیو گرافر پر حملہ کرنے پر پولیس نے 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق 28 جون کی شب چندرائن گٹہ میں واقع ولی نور فنکشن ہال میں ولیمہ تقریب منعقد کی گئی تھی جس میں نظیر نامی شخص نے آرکسٹرا پروگرام رکھا اور اس میں زنخوں کا نیم برہنہ رقص بھی کروایا گیا۔ ویڈیو گرافی کے دوران محمد صدیق ویڈیو گرافر پر بعض افراد نے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں اس نے پولیس چندرائن گٹہ سے ایک شکایت درج کروائی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس دوران معلوم ہوا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زنحوں کا نیم برہنہ رقص رکھا گیا۔ پولیس نے کیس کی دفعات میں ترمیم کرتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعہ 188، 294 اور 51(B) ( ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ ) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا۔ انسپکٹر چندرائن گٹہ مسٹر کے این پرساد ورما نے کہا کہ تحقیقات کے دوران انہیں یہ معلوم ہوا ہے کہ ولیمہ تقریب میں نیم برہنہ رقص کروایا گیا جو قانون کے خلاف ہے اور اس ضمن میں 3 افراد فیصل، شیخ سالم اور عبدالرزاق اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا گیا ہے۔