محبوب نگر ۔26 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ونائیک چتورتھی تہوار کے موقع پر ضلع بھر میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہ وضاحت ضلع ایس پی جانکی دھراوت نے کی۔ خصوصی چیکنگ پروگرام کا آغاز عوامی تحفظ کو یقینی بنانے ، امن و سلامتی کی برقراری ، ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔ چنانچہ آج بم ڈیسپوزل اسکواڈ (BDS) اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیموں کے ساتھ اہم عوامی مراکز جیسے بس اسٹانڈ ، ریلوے اسٹیشن ، کلاک ٹاور سرکل، مٹوگڈہ سرکل اور دیگر پرہجوم مراکز پر چیکنگ کی گئی ۔ گاڑیوں ، سامان اور مشکوک اشیاء کی جانچ کی گئی ۔ ایس پی نے کہاکہ ضلع میں امن و امان کی برقراری ہماری پہلی ترجیح ہے ۔ تمام محکمہ جات تال میل کے ساتھ کام کررہے ہیں تاکہ عوام میں اطمینان کا احساس رہے ۔ پولیس پکٹس ، پولیس کی گشت ، سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی ، عوامی ہجوم والے مقامات ، تہوار کے میدانوں و دیگر مقامات پر بھی کام جاری ہے ۔ انھوں نے عوام سے چوکس رہنے کی اپیل کی اور کہاکہ مشتبہ افراد یا اشیاء نظر آئیں تو فوری قریبی پولیس اسٹیشن پر 100 نمبر پر اطلاع دیں ۔