حیدرآباد۔ شہر کے نواحی علاقہ ونستھلی پورم سے تین نو عمر اور کمسن لڑکیاں پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی۔ بتایا جاتاہے کہ پرگتی نگر ونستھلی پورم کی رہنے والی یہ تین بہنیں اچانک راتوں رات پُراسرار طور پر لاپتہ ہوگئیں۔ تاہم اس واقعہ کو معمولی نوعیت کا گمشدگی معاملہ تصور کررہی ہے۔ تین بہنیں جن کی عمریں بالترتیب 14، 15 اور 12 سال بتائی گئی ہیں کل رات سے لاپتہ ہوگئیں۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد پولیس نے بتایا کہ کل رات ان لڑکیوں کی والدہ نے بڑی لڑکی کو ڈانٹ ڈپٹ کی تھی اور ان کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوئی تھی۔ پولیس سمجھتی ہے کہ اس جھگڑے کے بعد لڑکیوں نے اپنا گھر چھوڑ دیا۔ تاہم پولیس نے بڑی لڑکی کے عاشق کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کا آغاز کردیا ہے اور علاقہ کے تمام سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ لڑکیوں کی تلاش کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ افراد خاندان کو علاقہ کے ایک شخص پر لڑکیوں کے اغواء کا بھی شبہ ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔