نارائن کھیڑ۔/25 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایات کے مطابق آج 25 جنوری کو قومی یوم رائے دہندگان کے اعزاز میں زمین پر موگو ڈالنے کا مقابلہ نارائن کھیڑ جونیر کالج کے احاطے میں منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر کرانتی ولور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ جمہوریت میں ہر کسی کو اپنا کردار موثر طریقہ سے ادا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا استعمال ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے ہر شہری پر زور دیا کہ وہ بطور ووٹر رجسٹرڈ ہوکر اپنے ووٹ کا حق استعمال کرکے ملک کی ترقی میں حصہ لیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ آر ڈی او اشوک چکرورتی، ریوینیو عہدیداران، پرنسپل، لکچرر، طلبہ اور مقامی افراد نے شرکت کی۔