ووٹ کے حق کے احترام سے جمہوریت مضبوط ہوگی: اکھلیش

   

نئی دہلی، یکم دسمبر ( (آئی اے این ایس) ووٹر فہرست میں تبدیلیوں کے معاملے پر اپوزیشن نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ووٹروں کے نام حذف ہونے، بے ضابطگیوں اور ووٹ چوری کے الزامات عائد کیے ہیں۔ اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں فوری بحث اور شفاف جانچ کا مطالبہ کیا۔سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ جمہوریت اسی وقت مضبوط ہوگی جب ووٹ کے حق کا مکمل احترام ہو۔ اگر ووٹ ہی غائب کر دیے جائیں تو ووٹرکے خواب کیسے پورے ہوں گے؟کانگریس کے سینئر رہنما پرمود تیواری اور راجیو شکلا نے بھی انتخابی عمل میں بے ضابطگیوں پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ حذف ہونے اور جعلی ووٹنگ جیسے معاملات پر فوری غور ضروری ہے لوک سبھا میں سرمائی اجلاس احتجاجی نعروں کے باعث دو مرتبہ ملتوی ہوا، جہاں اپوزیشن ارکان نے الزام لگایا کہ 12 ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں میں ایس آئی آر کے ذریعے ‘‘حقیقی ووٹروں کو منظم طریقے سے ہٹایا جا رہا ہے۔ڈپٹی اسپیکر سندھیا رائے نے بارہا ایوان کو معمول کے مطابق چلانے کی اپیل کی، مگر شور شرابہ جاری رہا۔ چند معمول کی کارروائیاں نمٹائے جانے کے بعد اجلاس دوبارہ ہنگامے کی نذر ہوگیا۔