5 جنوری کو حتمی فہرست کی اجرائی، انتخابی مبصر ضلع میدک شیلجا رمیا کا تاثر
میدک ۔ ضلع میدک فہرست رائے دہندگان میں نئے ناموں کی شمولیت سے متعلق شروع کردہ سویپ پروگرام بے حد کامیاب و اطمینان بخش رہا جس کے لئے انتخابی مبصر برائے ضلع میدک شیلجا رمیا نے میدک پہنچ کر دفتر کلکٹریٹ میں مکمل جائزہ لینے کے بعد ضلع کلکٹر ایس ہریش، ایڈیشنل کلکٹر برائے مجالس مقامی پرتیما سنگھ، جوائنٹ کلکٹر جی رمیش کے علاوہ سویپ ٹیم کی خوب ستائش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ شیلجا رمیا نے کہا کہ 5 جنوری 2022 کو فہرست رائے دہندگان کی حتمی فہرست کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ انہوں نے سویپ ٹیم کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ووٹر رجسٹریشن فہرست رائے دہندگان میں عمر سے متعلق برتھ سرٹیکفیٹ ناخواندہ کے لئے اور تعلیم یافتہ کے لئے دسویں کا سرٹیفکیٹ کی کامیابی کی بنیاد پر نوٹ لیں۔ اگر فوٹو درست نہ ہوتو چاہئے کہ ووٹر کی فوٹو بھی کھینچ لیں۔ انہوں نے کہا کہ سویپ ٹیم کے پاس فارم 6 اور 8 رہنا ہوگا۔ انہوں نے سویپ عملہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسمارٹ فون پر GARUDA ایپ کے استعمال پر ایک بار پھر تربیتی پروگرام منعقد کریں۔ ضلع کلکٹر ایس ہریش نے بتایا کہ ضلع میدک میں 4,13,517 ووٹرس موجود تھے۔ یکم نومبر 2021 تک 2,919 نئے ووٹرس کا اندراج ہوا ہے جبکہ 4,737 ناموں کو فہرست سے ہٹایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے 576 پولنگ اسٹیشنوں کے بلاک سطح کے افسروں نے مبصرین کو بتایا کہ 100 فیصد تفصیلات کا اندراج GARUDA ایپ کے ذریعہ کیا جارہا ہے۔ اس کے لئے وہ پھر ایک بار بیداری پروگرام منعقد کریں۔ اس موقع پر آر ڈی او میدک سائی رام، سویپ نوڈل آفسر واجی ریڈی کے علاوہ ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے تحصیلدار بھی موجود تھے۔
