نظام آباد۔18 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی چیف الیکشن آفیسر سدرشن ریڈی نے ہدایت دی ہے کہ ووٹر لسٹ کی میپنگ کا عمل تیزی کے ساتھ مکمل کیا جائے تاکہ انتخابی فہرستوں کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے حیدرآباد سے تمام اضلاع کے کلکٹروں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جائزہ اجلاس منعقدہ کیا جس میں ضلع کلکٹر ایلا تریپاٹھی اور دیگر عہدیداروں نے انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الیکشن کمشنر سدھرشن ریڈی نے ہدایت دی کہ 2002 کے انتخابی ریکارڈ کو موجودہ تفصیلات سے مطابقت دیتے ہوئے میپنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ بوتھ لیول آفیسرز لازمی طور پر فیلڈ میں سرگرم رہتے ہوئے اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں اور سیاسی جماعتیں بھی بوتھ لیول ایجنٹس کی تقرری کے ذریعے اس مہم میں تعاون فراہم کریں۔ انہوں نے کلکٹروں کو ہدایت دی کہ کسی بھی قسم کی غلطی کی گنجائش باقی نہ رہے اور مقررہ مدت کے اندر روزانہ نگرانی کے ذریعے اس عمل کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر ضلع کلکٹر ایلا تریپاٹھی نے بتایا کہ 2002 کی ووٹر لسٹ کے مطابق نئی فہرست کی میپنگ جلد مکمل کر لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی مصروفیات کے باعث کچھ تاخیر ہوئی تاہم اب اس عمل پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔ویڈیو کانفرنس میں سب کلکٹرس وکاس مہتو، ابھیگیان مالویہ، کرن مئی، نظام آباد آر ڈی او راجندر کمار، میونسپل کمشنر دلیپ کمار اور دیگر متعلقہ عہدیداران نے شرکت کی۔