ووٹروں کے نام کاٹنا الیکشن کمیشن اور بی جے پی کی ملی بھگت:راہول گاندھی

,

   

ووٹر ادھیکار یاتراکے دوران بلٹ موٹر سائیکل پر سفر‘تیجسوی اور دیگر بھی شامل

راہول گاندھی کا بوسہ لینے کی کوشش، سیکوریٹی عہدیدار
نے نوجوان کو مارا تھپڑ

بہار میں بچے بچے کی زبان پر
’’ووٹ چور، تخت چھوڑ ‘‘کا نعرہ

پٹنہ ۔24؍اگست ( ایجنسیز)پٹنہ۔ 24؍اگست ( ایجنسیز )بہار کے ضلع ارریہ میں ’ووٹرادھیکار یاترا‘ کے دوران راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر راست اور سخت تنقید کی۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران الزام عائد کیا کہ ملک کے کئی حصوں میں بڑے پیمانے پر ووٹروں کے نام فہرست سے کاٹے گئے ہیں اور اس عمل میں الیکشن کمیشن اور بی جے پی کے درمیان گہری ملی بھگت ہے۔ کمیشن کا اولین فرض شفاف اور درست ووٹر لسٹ فراہم کرنا ہے لیکن یہ کام نہ مہاراشٹرا میں کیا گیا، نہ ہریانہ اور نہ ہی کرناٹک میں۔ اور اب بہار میں بھی ووٹروں کے نام کاٹنے کا سلسلہ جاری ہے۔ یہ سچائی ہے کہ 65 لاکھ ووٹروں کے نام فہرست سے خارج کیے گئے ہیں اور بی جے پی اس پر خاموش ہے۔ کیوں؟ کیونکہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کے درمیان پارٹنرشپ ہے۔قبل ازیںجب راہول گاندھی بہار کے پورنیہ۔ارریا روٹ پر ووٹر ادھیکار یاترا بائک ریالی کی قیادت کر رہے تھے ایک نوجوان نے سیکیوریٹی کی خلاف ورزی کی اور انہیں بوسہ دیا۔یہ نوجوان سیکیوریٹی کے دائرے کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگیا اور راہول گاندھی کوگلے لگایا اور کندھے پر بوسہ دیا ۔سکیورہٹی عہدیدارر نے فوری اسے بغیر کسی چوٹ یا مزید خلل کے محفوظ زون سے باہر دھکیل دیا گیا۔ ویڈیو میںعہدیدار اس نوجوان کو تھپڑ مارتے ہوئے نظر آتے ہیں۔بعدازاں راہول گاندھی اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے بہار کے ارریہ ضلع میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔راہول گاندھی نے کہا کہ پورے ملک میں ووٹ چوری کے واقعات ہو رہے ہیں اور الیکشن کمیشن اس پر خاموش ہے۔ تیجسوی یادو نے الزام لگایا کہ کمیشن بی جے پی کے کہنے پر کام کر رہا ہے۔راہول گاندھی نے کہا کہ آج کروڑوں ہندوستانی یہ ماننے لگے ہیں کہ ووٹنگ کے عمل کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کرناٹک، مہاراشٹرا اور ہریانہ میں کانگریس کو ووٹر لسٹ تک دستیاب نہیں کرائی گئی۔ راہول گاندھی نے چیلنج کیا کہ کرناٹک میں، ہم نے دکھایا کہ ووٹوں کی چوری کیسے ہوئی، ہم بہار میں کسی بھی حالت میں ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بچے بھی ان کے پاس آ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ ووٹ چور، تخت چھوڑ دو۔راہول گاندھی نے طنز کیا کہ اگر الیکشن کمیشن ان بچوں سے ملاقات کرے تو سچائی فوراً سامنے آجائے گی۔کانگریس لیڈر نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے کرناٹک کے مہادیو پورہ علاقہ کا ڈیٹا کمیشن کے سامنے پیش کیا اور پوچھا کہ فہرست میں ایک لاکھ فرضی ووٹر کیسے آئے؟ لیکن کمیشن اب تک کوئی جواب نہیں دیا ۔ راہول نے الزام لگایا کہ جیسے ہی انہوں نے یہ مسئلہ اٹھایا، کمیشن نے ان سے حلف نامہ کا مطالبہ کیا جبکہ بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر نے بھی یہی مسئلہ دہرایا لیکن ان سے کوئی حلف نامہ نہیں پوچھا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن غیر جانبدار نہیں ہے۔ بہار میں 65 لاکھ لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے نکالے گئے ہیںلیکن بی جے پی کی طرف سے ایک بھی اعتراض درج نہیں کیا گیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی، ای سی آئی اور الیکشن کمشنر کے درمیان سازباز ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ یہ بہار کی سرزمین ہے جو جمہوریت کی جنم بھومی کہلاتی ہے۔ یہاں کے لوگ اپنے حق رائے دہی اور آئین پر کسی بھی حملے کو برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے وزیر اعظم مودی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ میں نے ایسا جھوٹا وزیر اعظم کبھی نہیں دیکھا۔ افواہیں پھیلانا ان کا واحد کام ہے۔ جب وہ بہار آئے تو انہوں نے دراندازوں کے بارے میں بات کرنا شروع کر دی، جب کہ کمیشن کے حلف نامہ میں ایک بھی درانداز کا نام نہیں ہے۔

بہار اسمبلی الیکشن کے نتائج ثمر آور ہوں گے: راہول گاندھی
پٹنہ : /24 اگست (ایجنسیز) کانگریس قائد راہول گاندھی نے اتوار کوزور دے کر کہا کہ انڈیا بلاک میں شامل تمام جماعتیں بہار میں آنے والے اسمبلی الیکشن کیلئے مل جل کر کام کررہی ہیں۔ نتائج ثمرآور ہوں گے۔ ارڑیہ میں آر جے ڈی قائد تیجسوی یادو کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں قائد اپوزیشن لوک سبھا نے کہا کہ انڈیا بلاک عنقریب بہار اسمبلی الیکشن کے لئے مشترکہ منشور جاری کردے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے تمام شرکاء نظریاتی اور سیاسی دونوں لحاظ سے متحدہ طور پر کام کررہے ہیں اور نتائج ثمرآور ہوں گے۔مرکز کی این ڈی اے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مشرقی ریاست بہار میں جاری ایس آئی آر الیکشن کمیشن کی ادارہ جاتی کوشش ہے تاکہ ووٹ چراکر بی جے پی کی مدد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کو بہار میں ووٹ چوری کرنے نہیں دیں گے۔