ووٹوں کی گنتی کیلئے سخت حفاظتی انتظامات

   

ڈی جی پی انجنی کمار کی ضلع ایس پیز و کمشنران سے ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد ۔ 2 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں آج ووٹوں کی گنتی کے موقع پر سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ کاونٹنگ مراکز پر پولیس سے خصوصی نظر رکھی جائے گی۔ انتخابات میں کامیاب اور ناکام امیدواروں کے درمیان رسہ کشی کو روکنے اور ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے چوکسی اختیار کی جارہی ہے۔ اس خصوص میں آج ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر انجنی کمار نے ریاست کے تمام ضلع ایس پیز اور کمشنران پولیس سے ویڈیو کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا اور ووٹوں کی گنتی کے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہی کے عمل کو پُرامن طور پر مکمل کرنے والی پولیس کیلئے مزید دو دن آزمائشی ہیں اور پولیس اس سلسلہ میں مزید چوکسی اختیار کر رہی ہے۔ ڈی جی پی انجنی کمار نے کامیابی کی ریالیوں اور جشن کے پرامن انعقاد کیلئے قائدین سے تال میل میں رہنے کی پولیس ملازمین کو ہدایت دی اور اس بات کا یقین ظاہر کیا کہ رائے دہی کے عمل کی طرح رائے شماری کا عمل بھی پرامن رہے گا۔ کاونٹنگ مراکز پر پارٹی کیڈر کی بھیڑ کو روکنے اور مراکز سے دور رکھنے کے اقدامات پر ڈی جی پی نے زور دیا۔ حالات کے مدنظر آخری مرحلہ کی گنتی تک چوکس رہنے اور زائد فورس کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ ڈی جی پی نے سیاسی قائدین سے رابطہ میں رہ کر حالات کو قابو میں رکھنے کا مشورہ دیا اور پولیس ملازمین کو تلقین کی کہ وہ پرامن ماحول کی برقراری کیلئے موثر انتظامات کریں اور چوکسی برقرار رکھیں۔ کاونٹنگ مراکز پر پولیس پیکٹس قائم کرکے جیت کے جشن پر توجہ دینی چاہئے۔ سیاسی مخالفت اور جیت کے جشن کے دوران دلآزاری اورحالات کو بگاڑنے والے ماحول تیار ہونے نہ دیا جائے۔ع