کالے جادو کے شبہ پر قتل کی واردات، اے سی پی فلک نما محمد جاوید کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 ستمبر ۔( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما وٹے پلی میں 30 اگسٹ کو پیش آئے سنسنی خیز قتل کی واردات میں ملوث 7 افراد بشمول ایک کم عمر خاطی کو پولیس فلک نما نے گرفتار کرکے اُنھیں جیل بھیج دیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس فلک نما محمد جاوید کے مطابق 53 سالہ محبوب علی ساکن فاطمہ نگر وٹے پلی کا اُس کے قریبی رشتہ داروں بشمول ایک کم عمر ملزم نے تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کرکے قتل کردیا تھا ۔ انھوں نے کہاکہ یہ قتل کالے جادو کے شبہ میں کیا گیا تھا ۔ اے سی پی نے مزید بتایاکہ محبوب علی جو پیشہ سے رئیل اسٹیٹ تاجر تھا اُس کے قریبی رشتہ دار مرزا محسن بیگ کو یہ شبہ تھا کہ اُس کی ماں طاہرہ بیگم پر محبوب علی نے کالا جادو کیا ہے جس کے نتیجے میں وہ طویل عرصہ سے علیل ہے ۔ اتنا ہی نہیں محسن بیگ کے ایک مامو محمد خلیل کی موت بھی کالے جادو سے ہوئی ہے اور اُس کا ذمہ دار بھی وہ محبوب علی کو سمجھتا تھا ۔ شبہ کی بنیاد پر مرزا محسن بیگ نے اپنے رشتہ کے بھائی محمد عمران احمد جو مقتول کا حقیقی بھانجہ ہے اُس کو یہ بات بتائی ، اس کے بعد دونوں نے دیگر افراد محمد نصیر ، شیخ اکرم ، محمد ابرار علی ، محمد سمیع عرف شٹر اور ایک کم عمر ملزم کی مدد سے 30 اگسٹ کو الماس ہوٹل وٹے پلی کے قریب تیز دھار خنجر اور چاقوؤں سے وار کرتے ہوئے محبوب علی کا قتل کردیا تھا ۔ اے سی پی جاوید نے بتایا کہ اس معاملے کی تحقیقات ہر زاویہ سے کی گئی ہے اور تمام شواہد اکٹھا ہونے کے بعد ہی ملزمین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ عدالت میں پیش کرتے ہوئے ملزمین کو جیل منتقل کردیا گیا۔ ب