چیف منسٹر روپانی نے آئی اے ایس آفیسروں کو رہنمائی کیلئے فوری شہر پہنچ جانے کی ہدایت دی
احمدآباد؍ وڈودرا۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) وسطی گجرات کے شہر وڈودرا میں تقریباً 500 ملی میٹر بارش گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہوئی اور بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح 8 بجے ختم ہوا جس کی وجہ سے شہر میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی اور معمولات زندگی معطل ہوگئے۔ آتش فرو عملا، فوج اور قومی آفت سماوی ردعمل فوج نے تقریباً ایک ہزار افراد کا شہر اور اطراف و اکناف کے دیہاتوں سے ٹریکٹرس استعمال کرتے ہوئے تخلیہ کردیا اور انہیں زیادہ محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا۔ ایک سرکاری خبرنامہ میں کہا گیا ہے کہ موسلادھار بارش کی وجہ سے بیشتر علاقے اور شہر کی سڑکیں زیر آب آگئے۔ جبکہ وڈودرا ایرپورٹ چہارشنبہ کے دن سے بند ہے۔ کئی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں یا ان کا راستہ تبدیل کردیا گیا ہے کیوں کہ سڑکیں زبردست پانی جمع ہوجانے کی وجہ سے ناقابل گزر ہوچکی ہیں۔ ایرپورٹ رن وے بھی زیر آب آگئے ہیں۔ دریائے وشوامتری جو وڈودرا سے گزرتی ہے، خطرے کے نشان سے شہر کے نشیبی علاقوں میں بہہ رہی ہے جبکہ شہر کا ذخیرہ آب زیادہ مقدار میں پانی کی آمد کی وجہ سے چھلکنے لگا ہے۔ سرکاری عہدیداروں کے بموجب ان علاقوں میں رہنے والے افراد کا تخلیہ کروادیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے جو اعداد شمار فراہم کئے ہیں ان کے مطابق شہر وڈودرا 499 ملی میٹر برسات گزشتہ 24 گھنٹوں کے درمیان جن کا اختتام جمعرات کی صبح 8 بجے ہوا، ریکارڈ کرچکا ہے۔ اس میں 286 ملی میٹر بارش کی وجہ سے صرف 4 گھنٹے کے اندر وڈودرا شہر تہس نہس ہوگیا۔ جبکہ چہارشنبہ کی صبح 8 بجے یہ بارش ہوئی تھی۔ چہارشنبہ کی شام چیف منسٹر وجئے روپانی نے ایک اجلاس طلب کیا تاکہ وڈودرا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے آئی اے ایس عہدیداروں ونود رائو اور لوشیرا کو فوری شہر پہنچ جانے کے لیے ہدایت دی تاکہ مقامی انتظامیہ کی اس پریشان کن صورتحال میں رہنمائی کرسکیں۔ روپانی نے نشیبی علاقوں میں جو دریا کے اطراف و اکناف واقع ہیں انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اور بلند مقامات پر منتقل ہوجانے کی درخواست کی۔
