ویسٹ انڈیز کا 15 سال بعد پاکستان کا دورہ

   

کراچی ۔24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے تصدیق کی ہے کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کی کرکٹ ٹیم کراچی میں 3 میچز کی ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔یہ تینوں میچز 31 جنوری، یکم اور 3 فروری کو ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں دبئی میں 7،9 اور 11 فروی کو ونڈے سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی۔ پہلا ونڈے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا میچ آئی سی سی اکیڈمی میں منعقد ہوں گے۔ ونڈیز ٹیم سیریز کی تیاری کے لیے 26 جنوری کو دبئی پہنچے گی جبکہ 30 جنوری کو دبئی سے کراچی آئے گی۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ کراچی کی خبر اے بی ڈی ویلیئرز سمیت 35 عالمی کھلاڑیوں کی پاکستان سوپر لیگ 2019 میں لاہور اور کراچی کے میچز کے لئے پاکستان آنے پر رضامندی کے بعد سامنے آئی۔ آخری مرتبہ ونڈیز کی ٹیم مارچ/ اپریل 2004 میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے ساتھ ٹسٹ سیریز اور 7 میچز پر مشتمل ونڈے سیریز کھیلی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی گئی ٹسٹ سیریز تو برابر رہی تھی تاہم ونڈے سیریز میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 2-5 سے شکست دی تھی۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کی ٹیم کی کراچی آمد پاکستان کرکٹ کے لئے ایک اچھی خبر ہے، ہم ویسٹ انڈیز اور اس کے کھلاڑیوں کا پی سی بی پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز کا یہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح محفوظ ہے اور ان کا یہ دورہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مکمل طور پر بحالی کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔