کوالالمپور: انڈر19 ویمنزٹی20 ورلڈکپ میں ٹیم انڈیا کی اسپنر ویشنوی شرما نے تباہی مچا دی اور ملائیشیا کو صرف 31 رنز پر ڈھیرکردیا۔ ویشنوی نے 4 اوور میں صرف 5 رن دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔ بڑی بات یہ ہے کہ ویشنوی نے اپنے اسپیل کے دوران ہیٹ ٹرک بھی کی۔ ویشنوی نے اپنے آخری اوور میں یہ کمال کیا۔ 14ویں اوور میں ویشنوی نے ملائیشیا کی نوراین، نوراسما دانیہ اور سیتی نجوا کو لگاتار تین گیندوں پر آؤٹ کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ ویشنوی کا یہ ڈیبیو میچ تھا اور اس نے پہلے ہی میچ میں یہ کمال کر دکھایا۔ ہیٹ ٹرک کرنے کے بعد ویشنوی نے کہا کہ ان کا خواب پورا ہوگیا ہے۔ کپتان نے اسے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ وہ اس میچ میں کھیلنے والی ہیں۔ ملائیشیا کے خلاف ڈیبیوکیپ پہنتے ہی اس کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ویشنوی انڈر19 ورلڈ کپ 2025 میں ہیٹ ٹرک کرنے والی پہلی کھلاڑی ہیں۔ ٹورنمنٹ کی تاریخ میں صرف تین کھلاڑی یہ کارنامہ سرانجام دی چکی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان کے کسی کھلاڑی نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔