ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز میں 100 دن باقی

   

دبئی، 4 مارچ (آئی اے این ایس) آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کے آغاز کا باضابطہ الٹی گنتی چہارشنبہ کو شروع ہو گئی، جب دنیا بھر کے معروف کرکٹ اسٹیڈیمز کے اسکور بورڈز پر ایونٹ کے آغاز میں باقی100 دن نمایاں کیے گئے۔ ٹورنمنٹ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور ویلز میں کھیلا جائے گا۔ تقریبات کا آغاز ایجبسٹن سے ہوا، جو ٹورنمنٹ کا افتتاحی مقام ہے۔ برمنگھم کے اس تاریخی میدان کے مشہور اسکور بورڈ کو100 روزہ الٹی گنتی کی ایک بڑی گھڑی میں تبدیل کردیاگیا۔ ٹورنمنٹ کی پہلی گیند 12 جون کو یہیں پھینکی جائے گی، جب میزبان انگلینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ انگلینڈ کی کپتان نیٹ اسکیور برنٹ اس موقع پر ایجبسٹن میں موجود تھیں۔ ان کے ہمراہ ساتھی کھلاڑی صوفیہ ڈنکلے اور لارین فائلر بھی شریک تھیں۔ تینوں کھلاڑیوں نے عالمی ایونٹ کے آغاز سے قبل آخری مرحلے کی تیاریوں کا آغازکیا، جبکہ منتظمین نے ملک بھر میں اعلیٰ معیارکی ویمنز کرکٹ کے جشن کا وعدہ کیا ہے۔ برطانیہ میں تمام میزبان مقامات کے اسکور بورڈز بھی اس مہم میں شریک ہوئے، جن میں اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ، ہیڈنگلے، ہیمپشائر باؤل، برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ، دی اوول اور لارڈز کرکٹ گراؤنڈ شامل ہیں۔ الٹی گنتی کا سلسلہ برطانیہ سے باہر بھی پھیل گیا۔ نمایاں عالمی کرکٹ اسٹیڈیمز مثلاً سڈنی کرکٹ گراؤنڈ، ایڈن گارڈنز، بیسن ریزرو، قذافی اسٹیڈیم، وانڈررز اسٹیڈیم، آر پریماداسا اسٹیڈیم اورکینسنگٹن اوول نے بھی یکجہتی کے طور پر اپنے اسکور بورڈز روشن کیے، جس سے ٹورنمنٹ کی عالمی اہمیت اجاگر ہوئی۔ ٹورنمنٹ ڈائریکٹر بیتھ بیریٹ وائلڈ نے کہا ہے کہ یہ ایونٹ ایک یادگار موقع ثابت ہوگا۔ اب تک ایک لاکھ پندرہ ہزار سے زائد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں اور منتظمین کے مطابق 24 روزہ مقابلوں سے قبل شائقین کا جوش و خروش تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ ٹورنمنٹ 12 جون سے 5 جولائی 2026 تک جاری رہے گا۔ توسیع شدہ 12 ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنمنٹ میں 33 میچز کھیلے جائیں گے، جو انگلینڈ اور ویلز کے سات اعلیٰ معیار کے میدانوں ایجبسٹن (برمنگھم)، اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گراؤنڈ (مانچسٹر)، ہیڈنگلے (لیڈز)، ہیمپشائر باؤل (ساؤتھمپٹن)، برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ (برسٹل)، دی اوول (لندن) اور لارڈز (لندن) میں منعقد ہوں گے۔