وینس میں سیلاب کے سبب ہنگامی حالات کا اعلان

   

روم، 15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اٹلی کی حکومت نے وینس شہر میں گزشتہ 50 برسوں میں آئے سب سے زبردست سیلاب کی وجہ سے ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم گیوسیپ کونٹے نے جمعرات کو ٹوئٹر پر کہا کہ کابینہ نے ہنگامی رقم کے طور پر 20 ملین یورو کی منظوری دے دی ہے جس کا استعمال شہر اور یہاں کے لوگوں کو مالی امداد دینے کے لئے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب میں جن کے مکانات کو نقصان پہنچا ہے ، ان کو جلد ہی 5000 یورو دیئے جائیں گے ۔ اس دوران نیشنل پبلک ریڈیو نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ جمعرات کی صبح تک سیلاب کے پانی کی سطح تین فٹ اور آٹھ انچ کی بلندی تک پہنچ گئی۔ مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے شہر میں سیلاب کی صورتحال بدتر ہونے کا امکان ہے ۔ ثقافتی اورتاریخی شہر وینس میں سیلاب کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں ٹھپ ہو گئی ہیں۔ شہر کو صاف کرنے کے لئے تقریباً 140 کارکنوں اور 40 کشتیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔