ملزم کی کڑپہ منتقلی، کئی اہم شخصیتوں سے سی بی آئی کی تفتیش
حیدرآباد۔/3 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آنجہانی راج شیکھر ریڈی کے بھائی سابق وزیر ویویکانند ریڈی کے قتل کی تحقیقات میں آج سی بی آئی کو اہم کامیابی ملی ہے۔ سی بی آئی نے پولی ویندلہ سے تعلق رکھنے والے سنیل یادو نامی شخص کو گوا سے گرفتار کرلیا۔ کل شام یادو کی گوا میں گرفتار کے بعد اسے آج عدالت میں پیش کرکے ٹرانزٹ ریمانڈ حاصل کی گئی ہے۔ گوا سے کڑپہ منتقل کرکے سنیل یادو کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ قتل کے معاملہ میں سنیل کی سی بی آئی کی جانب سے کئی بار تفتیش کی جاچکی ہے۔ تحقیقاتی ایجنسی کو سنیل کے قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ سنیل یادو نے آندھرا پردیش ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرکے سی بی آئی کی جانب سے دھمکانے اور تھرڈ ڈگری ٹارچر طریقے اختیار کرنے کی شکایت کی تھی۔ بعد میں وہ پولی ویندلہ میں اپنی قیامگاہ کو مقفل کرکے فرار ہوچکا تھا۔ گوا میں سنیل کی موجودگی کا پتہ چلنے پر سی بی آئی ٹیم نے گوا پہنچ کر اسے گرفتار کرلیا۔ واضح رہے کہ ویویکانند ریڈی قتل کی تحقیقات میں سی بی آئی کو کئی اہم سراغ ملے ہیں۔ ویویکانند ریڈی کے واچ مین نے قتل میں بعض اہم افراد کے ملوث ہونے اور قتل کیلئے 8 کروڑ روپئے سپاری دینے کا انکشاف کیا تھا۔ سی بی آئی واچ مین کے بیان کے پس منظر میں تحقیقات میں تیزی پیدا کرچکی ہے۔