حیدرآباد۔/22 اگسٹ، ( سیاست نیوز) سابق چیف منسٹر آنجہانی وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے بھائی وائی ایس ویویکانند ریڈی کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے سی بی آئی نے قتل کے بارے میں اہم سراغ فراہم کرنے پر 5 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا ہے۔ ویویکانند ریڈی کی دختر سنیتا ریڈی کی جانب سے سی بی آئی عہدیداروں سے ملاقات کے بعد سی بی آئی نے انعام کا اعلان کیا۔ ویویکانند ریڈی کی دختر نے سی بی آئی حکام سے درخواست کی کہ تحقیقات میں تیزی پیدا کی جائے۔ ویویکانند ریڈی کا 15 مارچ 2019 کو پولی ویندلہ ضلع کڑپہ میں اس وقت قتل کردیا گیا جب ریاست میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات کی مہم عروج پر تھی۔ ریاستی ایجنسیوں کی جانب سے ایک سال تک تحقیقات کے بعد سی بی آئی نے جولائی 2020 کو یہ معاملہ اپنے ہاتھ میں لیا۔ سی بی آئی نے ابھی تک تقریباً 2000 افراد کے بیانات ریکارڈ کئے جن میں افراد خاندان اور ویویکانند ریڈی کے قریبی ساتھی شامل ہیں۔ باوجود اس کے قتل کی اہم وجہ اور قاتلوں تک پہنچنے میں سی بی آئی کو ناکامی ہوئی۔ سی بی آئی نے پبلک نوٹس جاری کرتے ہوئے قتل کے بارے میں اہم اطلاع فراہم کرنے پر 5 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا۔ ایسے افراد کی شناخت راز میں رکھی جائے گی۔ سی بی آئی نے اطلاعات کی فراہمی کیلئے دو موبائیل نمبر بھی جاری کئے ہیں۔R
