ویکسین ساز کمپنیاں لالچی : ایمنسٹی انٹرنیشنل

   

لندن ۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کورونا ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں پر لالچ کا الزام عائد کیا ہے۔ ایمنسٹی کے مطابق گزشتہ برس تیار کردہ 10ارب خوراکیں دنیا کی 40 فیصد آبادی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی تھیں۔ اس میں سے غریب ممالک کو صرف 4فیصد میسر آئیں۔ تنظیم نے کہا ہے کہ دوا ساز کمپنیوں نے ان لوگوں سے منہ موڑ لیا جنہیں ویکسین کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ دوسری جانب کینیڈا، نیوزی لینڈ اور فرانس کے بعد بلجیم میں بھی ویکسین کے خلاف احتجاج شروع ہوگیا۔ فریڈم کانوائے کے باعث دارالحکومت برسلز میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ یہ کارواں فرانس، نیدرلینڈز سے ہوتا ہوا برسلز آرہا ہے۔ فرانس اور نیدرلینڈز میں کارواں کے ساتھ پولیس کا تصادم پہلے ہی ہو چکا ہے اور مظاہرین نے اعلان کر رکھا ہے کہ وہ یورپی دارالحکومت برسلز میں موجود یورپین انسٹیٹیوشن کا گھیراؤ کریں گے۔ادھر کینیڈا کی پولیس نے امریکہ اور کینیڈا کے درمیان گزرگاہ ایمبیسڈر برج کو مظاہرین سے خالی کرالیا۔