حیدرآباد۔ شہر کے علاقہ سیف آباد میں پیش آئے ایک واقعہ میں ویکسین نہ ملنے پر ایک شخص نے ویلنس سنٹر کے نرس اور دیگر عملہ پر حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق راجیش آج صبح خیریت آباد میں واقع ویلنس سنٹر پہنچا اور اس نے وہاں پر موجود عملہ کو ٹیکہ دینے کیلئے کہا لیکن آن لائین رجسٹریشن کا لزوم عمل میں آنے کے نتیجہ میں نرس نے اسے کہا کہ اسے کوون ایپ کے ذریعہ آن لائین سلاٹ بک کروانا ضروری ہے اور بغیر اس کے کورونا وائرس کا ٹیکہ نہیں دے سکتے۔ اس سلسلہ میں اس نے ہیڈ نرس منجولا اور آشا ورکر ملیشور سے بحث و تکرار کی اور بعد ازاں ان پر حملہ کردیا ، حالانکہ وہاں کے عملہ نے بتایا کہ کووڈ ویکسین کی قلت ہے اور انہیں ویلنس سنٹر میں اب تک حاصل نہیں ہوا ہے لیکن اس کے باوجود بھی اس نے خواتین عملہ سے بدسلوکی کرتے ہوئے ان سے گالی گلوج کی۔ سیف آباد پولیس کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا گیا اور پولیس نے راجیش کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا ۔