بیجنگ : 17 ستمبر ( ایجنسیز ) چین نے امریکہ اور جاپان سے اپیل کی ہے کہ حالیہ فوجی مشقوں کے دوران جاپان کے مغرب میں واقع امریکی فوجی بیس پر نصب کئے گئے ٹائیفون میزائل سسٹم کو علاقے سے ہٹا دیا جائے۔چین وزارت خارجہ کے ترجمان’ لن جیان’ نے بیجنگ میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا ہیکہ “امریکہ اور جاپان کو دیگر ممالک کے سلامتی خدشات کا سنجیدگی سے احترام کرنا چاہیے اور خطے کے امن و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کرنا چاہیے نہ کہ منفی”۔چین نے یہ ردعمل امریکہ کے، اپنے ٹام ہاک کروز میزائل فائر کرنے کے اہل، درمیانی مسافت کیمیزائل نظام کوجاپان کیصوبہ ‘ یاماگوچی’ میں نصب کرنے کے بعد ظاہر کیا ہے۔بیجنگ نے واشنگٹن اور ٹوکیو پر زور دیا ہے کہ وہ “خطے کے ممالک کی اپیلوں پر توجہ دیں، اس غلط اقدام کی تصحیح کریں اور اس نظام کو جلد از جلد یہاں سے ہٹا دیں۔لن جیان نے مزید کہا ہے کہ “جاپان کی عسکری جارحیت کی حامل تاریخ کے باعث، اس کے فوجی و سلامتی اقدامات ہمیشہ ایشیائی ہمسایہ ممالک اور بین الاقوامی برادری کی گہری توجہ کا مرکز بنے رہتے ہیں۔”یہ میزائل نظام ،امریکہ اور جاپان کے درمیان 11 ستمبر سے جاری اور دو ہفتوں پر محیط سالانہ مشترکہ فوجی مشقوں “ریزولیٹ ڈریگن” میں پہلی بار استعمال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ جاپان دوسری جنگ عظیم کے بعد سے ایشیا پیسیفک میں امریکہ کا دیرینہ اتحادی ہے اور حالیہ برسوں میں علاقے میں چین کی بڑھتی ہوئی فوجی موجودگی اور اثر و رسوخ کے جواب میں اپنی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ کر رہا ہے۔اس کے علاوہ، جاپان میں ہزاروں امریکی فوجی، فوجی اڈے اور اسلحہ بھی موجود ہے۔