عوام سے بارش کے پانی کو محفوظ کرنے چیف منسٹر کی اپیل
چینائی۔8اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ٹاملناڈو رواں سال پانی کی قلت کے بدترین بحران کا شکار ہے ۔ ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پلانی سوامی نے جمعرات کو ریاست کی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے پانی کو محفوظ کریں ۔ انہوں ے عوام کو یاد دلایا کہ 2001ء میں جئے للیتا نے بارش کے پانی سے کاشت کاری کی ایک بہت بڑی اسکیم ریاست میں متعارف کروائی تھی ۔ انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اس بات پر زور دے کر کہا کہ بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کا قانون بنانے کا اعزاز اماں ( جئے للیتا) کو حاصل ہوا تھا ۔ سب سے پہلے انہوں نے ہی اس سلسلہ میں قانون سازی کی تھی ۔ انہوں نے اپنے ویڈیو میں بیان کیا کہ ’’ میں ہر ایک شخص سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ رضاکارانہ طور پر ’’ اماں ( جئے للیتا) کی اس اسکیم کا نفاذ عمل میں لائے تاکہ خود اس کی بہتری ہو اور ٹاملناڈو کے ایک خوشحال ریاست بننے میں اس سے مدد حاصل ہوسکے ۔ ٹاملناڈو میں عموماً اور اس ریاست کے صدر مقام چینائی میں خاص طور پر گذشتہ موسم گرما میں پانی کا بدترین بحران پیدا ہوگیا تھا اس لئے کہ 2018ء میں مانسون عوام کی ضروریات کی تکمیل کرنے والے آبی ذخائر کو بھرنے میں ناکام ہوگیا تھا ۔ لوگوں کی پیاس بجھانے ان کی آبی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے حکومت کو ٹینکروں کی خدمات حاصل کرنی پڑی تھیں ۔