ٹرمپ انتظامیہ نے امریکی ویزا لینے کیلئے ایک اور شرط رکھ دی

   

واشنگٹن:6 اگست ( ایجنسیز ) امریکہ کا ویزا لینے کے خواہش مند افراد کے لیے ایک نیا فیصلہ سامنے آیا ہے۔امریکی حکام نے ویزا کے حصول کے لیے ایک پائلٹ پروگرام متعارف کروایا ہے۔امریکی خبر ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی ویزا چاہیے تو 15 ہزار ڈالرز ضمانت جمع کروانا پڑے گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہیکہ جن ملکوں کے لوگ امریکہ آکر واپس نہیں جاتے، اب ان ملکوں سے آنے والوں کو 15 ہزار ڈالرز کا بانڈ بھرنا پڑے گا۔رپورٹ کے مطابق وقت پر واپس جانے والوں کو پیسے واپس مل جائیں گے جب کہ 20 اگست سے شروع ہونے والا پائلٹ پروگرام تقریباً ایک سال تک جاری رہے گا۔

ٹرمپ کا امریکی نائب صدر ’جے ڈی وینس‘ کو مستقبل میں اپنا جانشین نامزد کرنے کا اشارہ
واشنگٹن : 6 اگست ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ اُن کے نائب ’جے ڈی وینس‘ 2028ء کے صدارتی انتخابات میں اُن کے مشن ”امریکہ کو پھر عظیم بنائیں” کے ممکنہ وارث ہو سکتے ہیں۔منگل کی شب ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا وہ جے ڈی وینس کو اپنا جانشین سمجھتے ہیں تو ٹرمپ نے ’ہاں‘ میں سر ہلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ”جی ہاں انصاف کی بات کریں تو وہ نائب صدر ہیں۔” تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ”میرا خیال ہے کہ مارکو (مارکو روبیو، وزیر خارجہ) بھی ایک اچھے انسان ہیں اور ممکن ہے کہ وہ جے ڈی کے ساتھ مل کر کام کریں۔ ہمارے پاس بہت سے بہترین لوگ موجود ہیں”۔ٹرمپ نے ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا کہ اس معاملے پر بات کرنا ابھی قبل از وقت ہوگا۔