دوحہ، 15 مئی (یو این آئی) ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے جمعرات کو دوحہ میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی۔امریکی صدر مغربی ایشیا کے دورے پر ہیں۔ اس میں امریکہ اور قطر کے درمیان 1.2 ٹریلین ڈالر کے اقتصادی تبادلے کا اعلان بھی شامل ہے ۔ امبانی کی موجودگی ریلائنس انڈسٹریز کے بڑھتے ہوئے عالمی اثر اور قطر انوسٹمنٹ اتھارٹی جیسے اداروں کے ساتھ اس کے اسٹریٹجک تعلقات کی نشاندہی کرتی ہے جس نے ریلائنس وینچرز میں سرمایہ کاری کی ہے اور گوگل اور میٹا جیسی امریکی ٹیک کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔اگرچہ عشائیہ کے دوران کوئی رسمی کاروباری بات چیت نہیں ہوئی امبانی کو صدر ٹرمپ اور امریکی کامرس سکریٹری اسٹیو لٹنک کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے دیکھا گیا۔وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ٹرمپ نے قطر کے ساتھ 1.2 ٹریلین ڈالر کی تاریخی اقتصادی شراکت داری کا وعدہ کیا جس میں امریکی اور قطری کمپنیوں کے درمیان 243.5 بلین ڈالر سے زیادہ کے نئے معاہدے شامل ہیں۔ کلیدی سودوں میں قطر ایئرویز سے بوئنگ اور جی ای ایرو اسپیس کیلئے 96 بلین ڈالر کا ہوائی جہاز کا آرڈر، میک ڈرموٹ کے ساتھ توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبے اور پارسنز کے ذریعے حاصل کردہ 97 بلین ڈالر کا پورٹ فولیو شامل ہے ۔