بات چیت کا ویڈیو وائرل،بنگلہ دیشی ہندو خاتون پر غداری کا مقدمہ
ڈھاکہ۔/20جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش کی ایک ہندو خاتون کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے گا جس نے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے کہا تھا کہ اس (خاتون ) کے ملک میں اقلیتی طبقات کے خلاف منظم مظالم کئے جاتے ہیں۔ بنگلہ دیش ہندو، بدھسٹ ، کرسچن یونٹی کونسل ( ایچ بی سی یو سی ) کی آرگنائزنگ سکریٹری پریہ ساہا 19 جولائی کو وہائیٹ ہاوز میں منعقدہ ایک اجلاس میں شریک تھی اور صدر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات و بات چیت کا ایک ویڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس کے نتیجہ میں اس کے وطن ( بنگلہ دیش ) میں بڑے پیمانے پر تنازعہ پیدا ہوگیا۔اس ویڈیو میں وہ خود کی شناخت ایک بنگلہ دیشی شہری کی حیثیت سے کرتے ہوئے صدر ٹرمپ سے کہہ رہی تھی کہ بنگلہ دیش میں اقلیتی طبقات سے تعلق رکھنے والے 37 ملین ( 3 کروڑ 70 لاکھ ) افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔
