واشنگٹن، 27 جنوری (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا غزہ میں آخری اسرائیلی یرغمالی کی باقیات ملنے پر ردعمل آگیا۔ اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ میں آخری یرغمال کی لاش بھی برآمد کر لی گئی ہم تمام 20 زندہ یرغمالیوں اور ہلاک ہونے والوں کو واپس لانے میں کامیاب ہو گئے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ شاندار کام! اکثر لوگ اسے ناممکن سمجھ رہے تھے میری چیمپئنز کی عظیم ٹیم کو بہت بہت مبارک ہو۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا کہ اگلا مرحلہ حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کی پٹی کو غیر فوجی بنانا ہے ، تعمیر نو کا نہیں۔ آخری اسرائیلی اسیر ران گیولی کی باقیات کی بازیافت کے اعلان کے بعد اسرائیل کی پارلیمنٹ یا کنیسٹ سے بات کرتے ہوئے ، نیتن یاہو نے کہا کہ ہم اس مرحلے کو آگے بڑھانے میں دلچسپی رکھتے ہیں، اس میں تاخیر نہیں کریں گے ۔ وزیر اعظم نے غزہ میں قید آخری اسیر کی باقیات برآمد کرنے پر فوج کی تعریف کی ہے ۔ حماس نے کہا ہے کہ آخری اسرائیلی قیدی کی شناخت جنگ بندی کے لیے ہمارے عزم کی تصدیق کرتی ہے ۔ فلسطینی گروپ نے غزہ میں آخری اسرائیلی اسیر ران گیویلی کی دریافت پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم معاہدے کے تمام پہلوؤں پر عمل پیرا رہیں گے ، بشمول غزہ کی انتظامیہ کے لیے قومی کمیٹی کے کام کو آسان بنانا اور اس کی کامیابی کو یقینی بنانا۔ بیان کے مطابق ہم ثالثوں اور امریکہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ [اسرائیلی] قبضے کو معاہدے کی خلاف ورزیاں بند کرنے اور اپنی ضروری ذمہ داریوں کو نافذ کرنے پر مجبور کریں۔ حماس کا کہنا ہے کہ اس نے آخری آخری اسیر کی لاش کے ممکنہ مقام کے بارے میں “تمام معلومات” جنگ بندی کے ثالثوں کے حوالے کردی تھیں۔