واشنگٹن، 20 مئی (یواین آئی)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنی تقریر میں کہا کہ ٹرمپ نہ صرف جنگوں کا خاتمہ چاہتے ہیں بلکہ ان کے آغاز کو روکنے کی بھرپور کوشش بھی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا “ٹرمپ امن کے خواہاں ہیں، جب کہ بعض یورپی رہنما عسکری راستوں کی طرف مائل نظر آتے ہیں۔ غیرملکی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطاب کو سراہتے ہوئے اسے امریکی خارجہ پالیسی کی تاریخ کا سب سے مؤثر خطاب قرار دیا ہے ۔انھوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا “مجھے نہیں معلوم آپ میں سے کتنے لوگوں نے صدر ٹرمپ کا سعودی عرب میں کیا گیا خطاب دیکھا؟ میرے خیال میں وہ امریکی خارجہ پالیسی کی تاریخ کے سب سے گہرے خطابات میں سے ایک تھا۔ ہم مستقبل کے لیے ایک وژن متعین کر رہے ہیں، خوش حالی کا ایک نظریہ پیش کر رہے ہیں۔ روبیو نے مزید کہا “میں لوگوں سے کہتا ہوں کہ ہمارے پاس ایک صدر ہے جو امن کے لیے کھڑا ہے ۔ میرے لیے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں ایسے صدر کے ساتھ کام کر رہا ہوں جو اپنا نصف دن، بلکہ بعض اوقات اس سے بھی زیادہ، جنگ روکنے یا اس کے وقوع سے پہلے ہی اسے ٹالنے کی کوشش میں صرف کرتا ہے ۔ یہ میرے لیے باعثِ فخر ہے کہ میں اس مشن کا حصہ ہوں۔ اور آپ سب کا شکریہ کہ آپ نے اس قیادت کی راہ دکھائی۔