فلوریڈا، 11 مارچ (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران جنگ کے حوالے سے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے حملوں کی ذمہ داری اپنے داماد اور مشیروں پر ڈال دی۔ ایران جنگ 12 ویں روز میں داخل ہوچکی ہے ۔ ایران پر امریکی حملوں کے اول روز سے اس کا کریڈٹ لینے والے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بڑا یوٹرن لیتے ہوئے ایران پر حملوں کی ذمہ داری اپنے داماد اور مشیروں پر ڈال دی ہے ۔ صدر ٹرمپ نے فلوریڈا میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ایران پر حملے کیلئے انہیں ان کے قریبی مشیروں نے مائل کیا تھا۔ ٹرمپ نے بتایا کہ مذاکرات کار اسٹیو وٹکوف، ان کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے انہیں جو بریفنگ دی، اس سے لگا کہ ایران امریکہ پر حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اگر امریکہ پیشگی کارروائی نہ کرتا تو ایران ایک ہفتے کے اندر حملہ کر سکتا تھا۔ امریکی صدر نے بتایا کہ ایران سے متعلق صورتحال تیزی سے ایسے مرحلے پر پہنچ گئی تھی، جس کو انہوں نے پوائنٹ آف نو ریٹرن قرار دیا۔