صنعاء : امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ کے مکینوں کو دوسرے علاقوں میں منتقل کرنے پر اصرار کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری اور عرب ملکوں کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کیا جارہا ہے۔دوسری طرف ٹرمپ کی اس تجویز کے خلاف حوثیوں نے بھی نئی دھمکیاں دینا شروع کردی ہیں۔ تقریباً ایک ماہ قبل بحیرہ احمر میں اور اسرائیل کی طرف اپنے حملوں کو روکنے کے بعد حوثیوں کے رہنما عبدالملک حوثی نے جمعرات کو اعلان کیا ہیکہ اگر ٹرمپ حماس کیلئے اپنی دھمکی پر عمل کرتے ہیں تو یہ گروپ نئے حملے کرے گا۔عبد الملک حوثی نے مزید کہا کہ اگر امریکی انتظامیہ نے غزہ کی پٹی سے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کا منصوبہ مسلط کیا تو وہ میزائلوں، ڈرونز اور بحری جہازوں سے حملے کریں گے۔